صنعاء 21جولائی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) یمن میں جمعرات کے روز سرکاری فوج کے یونٹوں نے حوثیوں کے گڑھ صعدہ میں پہاڑی علاقوں کے بیچ باغیوں کے ٹھکانوں پر اچانک حملہ کر دیا۔ یمنی فوج نے صعدہ کے شمال میں واقع ضلعے باقم میں حوثی ملیشیا کی امدادی سپلائی لائن بھی کاٹ دی جس کے بعد باغی ہر طرف سے محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
یمنی فوج کے ایک کمانڈر بریگڈیئر جنرل رداد الہاشمی نے العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کتاف میں پیش قدمی کے دوران حوثیوں کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں۔ اس دوران اتحادی طیاروں نے باغیوں کے ٹھکانوں کو شدید بم باری کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں قومی فوج کے جنگجوؤں نے بعض تزویراتی نوعیت کی پہاڑیوں پر کنٹرول حاصل کر لیا وادی آل بو جبارہ کے نزدیک ہو گئے۔
الہاشمی نے باور کرایا کہ اس دوران وادی خراشب، نصرہ، وادی حرماء، جبلِ صفراء اور ام شدائد کے علاقے کو آزاد کرا لیا گیا۔
ادھر مارب میں فضائی دفاعی نظام نے شہر کی فضاؤں میں باغی حوثی ملیشیا کا ایک ڈرون جاسوس طیارہ مار گرایا۔
تعز صوبے میں یمنی فوج نے مغربی علاقے الصیاح میں حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر حملہ کر کے باغیوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔
زمینی ذرائع کے مطابق الضباب کے محاذ پر فرنٹ لائن میں یمنی فوج اور حوثیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔